جموں//جموں ضلع میں ایک بس حادثے کا شکار ہو نے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 55 زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بس یاتریوں کو لے کر ماتا ویشنو دیوی شرائن کی طرف جارہی تھی، جس دوران جھجر کوٹلی علاقے میں حادثے کا شکار ہوئی۔
ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے بتایا ،” بس حادثے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 55 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ سب کو نکال لیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بھی موقع پر موجود ہے۔ بس میں مقررہ حد سے زیادہ مسافر سوار تھے، تحقیقات کے دوران اس کی جانچ کی جائے گی”۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی افراد اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں۔زخمیوں کو جموں کے جی ایم سی ہسپتال لے جایا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایک بس، زیر نمبر UP81CT-0999 امرتسر سے کٹرہ آ رہی تھی، جس میں ماتا ویشنو دیوی جانے والے یاتری سوار تھے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔