جموں وکشمیر میں عید میلادالنبیﷺکی تقریب سعید مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ملک کے مختلف حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی منگل کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیؐکی ولادت باسعادت کی مناسب سے منائے جانے والی عید میلادالنبی ؐ کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل سری نگر میں منعقد ہوئی جہاں عاشقان رسول ؐ موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
اس سلسلے میں جموں وکشمیر کے درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔
علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام ؐ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول ؐ وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے جبکہ دن کے دوران وادی کے اطراف و اکناف میں جشن میلاد کے عظیم الشان جلوس برآمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
جلوسوں کے دوران فضا ‘سرکار کی آمد مرحبا’ کے نعروں سے گونجتی رہی۔جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ پانی، چائے، گرم دودھ اور روٹی کا انتظام رکھا گیا تھا۔اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول ؐ نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔
درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول ؐ موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا۔
شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ، اور دوسری عبادگاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐ کی ولادت کے ضمن میں منائی جانے والی عید میلادالنبی کے سلسلے میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا اور جلوس برآمد ہوئے۔وادی کشمیر جہاں جشن عید میلاد النبی ؐ کی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی، کے تقریباً تمام تجارتی مراکز، مساجد، زیارت گاہوں اور اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ بعض مقامات پر لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی برقی قمقموں اور بتیوں سے سجایا ہے۔
انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے تھے۔عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب رکھی تھی۔
عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے وادی میں منگل کے روز درجنوں مقامات پر جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔
تحریک دعوت منہاج الاسلام کے زیر اہتمام سے بھی سری نگر کے مختلف علاقوں میں عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں جلوس برآمد کئے گئے اور خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ درجنوں دیگر مقامات سے بھی جشن میلاد کے جلوس برآمد ہوئے۔وادی کشمیر میں تقریباً تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کے سربراہوں نے ریاستی عوام بالخصوص اہل اسلام کو میلاد النبی ؐ کی مبارک باد پیش کی ہے۔
میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے ولادت با سعادت، پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ؐکی مناسبت سے اہالیان اسلام کو دلی مبارکباد اور تہنیت پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی ولادت باسعادت سے دراصل انسانیت کو نئی زندگی اور توانائی ملی اور آپؐکی حیات بخش اور فکر انگیز تعلیمات نے کائنات انسانی کی کایا پلٹ دی۔
انہوں نے کہا کہ آنحضور ؐکی ولادت وبعثت سے لیکر دور حاضر تک آپ ؐکی نفع بخش تعلیمات نے بلا امتیاز نوع انسانی کی رہنمائی کی ہے اور تاقیام قیامت آپؐ کا فیضان دنیائے انسانیت کو پہنچتا رہے گا۔میرواعظ نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اسوئہ نبویؐ کوصدق دلی سے اپنانے کا عزم کریں تاکہ موجودہ عالمی اور مقامی سطح پر انسانیت قوم و ملت کے حوالے سے جو معاشی اور سماجی سطح پر سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے اس سے نجات حاصل کی جاسکے۔