جموں و کشمیر اور لداخ میں ایک گھنٹے میں 4 بار لرزی زمین

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ میں پیر کی سہ پہر ایک گھنٹہ سے بھی کم عرصے میں 4 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے جموں و کشمیر اور لداخ کے مکینوں میں خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق، لداخ کے علاقے کرگل اور جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم اس دوران خطے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ریکٹر سکیل پر 5.5 کی شدت کا پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 48 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ اسی علاقے میں 4 بج کر 01 منٹ پر ایک اور زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 3.8 تھی، زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
جموں و کشمیر کے کشتواڑ علاقے سے ایک اور زلزلے کی اطلاع ملی ہے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.8 تھی، شام 4 بج کر 1 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
کشتواڑ میں شام 4 بج کر 16 منٹ پر ایک اور زلزلہ محسوس کیا گیا۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 3.6 تھی۔اس دوران 4 بج کر 44 منٹ پر 3.4 شدت کا ایک اور زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکوں سے خطے میں کوئی جانی یا مالی نقصان ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے تاہم اس دوران جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں میں خوف و ہراس کا موحول پھیل گیا ہے، لوگوں گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔