رشوت خوری کے الزام میں ڈپٹی ایس پی کرائم برانچ وریندر سنگھ معطل

File Photo

جموں// جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کے روز کرائم برانچ جموں کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ورندر سنگھ کو معطل کر دیا۔
فنانشل کمشنر/ ایڈیشنل چیف سکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ راج کمار گوئل، کی طرف سے بدھ کے روز جاری ایک حکم نامہ کے مطابق، وریندر سنگھ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کرائم برانچ، جموں کو معطل کر دیا گیا۔
حکم نامہ کے مطابق،”جموں و کشمیر (سول سروسز کی درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) رولز، 1956 کی شق 31(2) کے مطابق، وریندر سنگھ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کرائم برانچ، جموں، کو معطل کیا گیا ہے۔ یہ معطلی 11نومبر2022 سے نافذ العمل ہے۔
بتا دیں کہ ڈپٹی ایس پی کے خلاف پولیس سٹیشن اینٹی کرپشن بیورو، جموں میں بدعنوانی روکتھام ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 کے تحت درج ایک کیس FIR نمبر 15/2022 میں جاری چھان بین کے دوران کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں متعلقہ افسر پر بدعنوانی اور رشوت خوری الزامات عاید کیے گیے ہیں۔