شوپیاں// جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ کے دوران 29 سالہ نوجوان کی موت واقع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ویہل شوپیاں میں آج بعد دوپہر شوپیاں کولگام سڑک پر ایک حادثہ پیش آیا جس میں ایک مقامی ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہوا، جو بعد میں دم توڑ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، ضلع شوپیاں کے ویہل علاقے میں اس وقت یہ حادثہ پیش آیا جب لکڑیوں سے لدے ایک لوڈ کیریئر کے اندر سے لکڑی نکل کر دوسری گاڑی سے ٹکرائی ، جس سے متعلقہ گاڑی کا ڈرائیور شدید طور پر زخمی ہوا۔
مقامی لوگوں کی مدد سے اگر چہ زخمی نوجوان کو فوری طور ضلع ہسپتال شوپیاں لایا گیا تاہم ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
متوفی نوجوان کی شناخت 29 سالہ ایاز احمد وگے ولد محمد امین وگے ساکنہ چوہدری گنڈ شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔
اسی دوران پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ادھر، چوہدری گنڈ علاقے میں نوجوان کی سڑک حادثے میں موت کی خبر پھیلتے ہی ماتم بچھا گیا۔