واڑوان کشتواڑ میں بھیانک آتشزدگی، درجنوں رہائشی مکان، جامع مسجد خاکستر

عظمیٰ ویب ڈیسک

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ مڑواہ واڑوان علاقے میں پیر کو بھیانک آتشزدگی میں کم از کم 40 مکانات اور ایک جامع مسجد کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کشٹواڑ کے واڑوان سب ڈویژن کے دور دراز مڑواہ گاؤں کے ملوان علاقے میں بھڑک اٹھی آگ نے بہت کم وقت میں پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور تاحال بے قابو ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس تباہ کن آگ نے 40 مکانات اور ایک جامع مسجد کو تباہ کر دیا ہے۔ آگ گاؤں میں مزید گھروں کی طرف بڑھ رہی ہے، جس کی شدت بے قابو ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ شعلوں پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن ان کا کوئی خاص نتیجہ نکلتا نظر نہیں آ رہا ہے۔
کوکرناگ میں واقع فائر اینڈ ایمرجنسی یونٹ کو فوری طور پر اطلاع دی گئی تھی، جنہوں نے متعدد فائر ٹینڈرز کو موقع پر بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ رپورٹ درج کئے جانے تک فائر ٹینڈرز ابھی تک امدادی کارروائی کے لیے پہنچ نہیں پائے تھے تاہم مقامی لوگوں کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔
اِس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔