عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// اپنی سروس کے آخری دن، ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) آر آر سوین نے پیر کو سرینگر کی پرتاپ پارک میں بلیدان ستمبھ (شہداء کی یادگار) کا دورہ کیا اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
سوین نے کہا کہ 30 سالہ سروس کے دوران ان کی ہمیشہ یہی کوشش رہی کہ جموں و کشمیر کے عوام کو خوف اور دہشت سے پاک ماحول میں زندگی گزارنے کا موقع ملے اور وہ یقین رکھتے ہیں کہ انہوں نے اس موقع کو ضائع نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا، “ایک پولیس افسر کے لیے بلیدان ستمبھ عبادت گاہ سے کم نہیں۔ یہاں سینکڑوں شہداء ہیں جنہوں نے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ آج اپنے آخری دن پر، ان ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنا میرا فرض ہے”۔
سوین نے جموں و کشمیر میں امن اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے اپنی بھرپور کوششوں پر روشنی ڈالی اور عوام کی حمایت پر ماؤں، بہنوں، بچوں اور بزرگوں کا شکریہ ادا کیا۔
آج شام کو سوین اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے اور نلن پربھات جموں و کشمیر کے نئے پولیس چیف کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔