ڈی جی پی کی کیرتی چکر ایوارڈ یافتہ ڈی ایس پی مزمل بھٹ کے اہل خانہ سے ملاقات

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی)، آر آر سوین نے آج اپنی اہلیہ اور جموں و کشمیر پولیس وائیوز ویلفیئر ایسوسی ایشن (پی ڈبلیو ڈبلیو اے) کی چیئرپرسن پروفیسر رسمیتا داس سوین اور انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وی کے بردھی کے ہمراہ جاں بحق ڈی ایس پی ہمایوں مزمل بھٹ کی اہلیہ فاطمہ ہمایوں اور ان کے ننھے بیٹے سے ملاقات کی۔
ڈی جی پی اور ان کے ساتھیوں نے جاں بحق ڈی ایس پی ہمایوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں استقامت اور شفقت کی نایاب مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمایوں نہ صرف اپنے خاندان کے لیے بلکہ اپنے پیشے کے ذریعے کشمیر کے عام لوگوں کے لیے بھی انتھک محنت کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمایوں کا جسمانی وجود اب ہمارے درمیان نہیں رہا، لیکن ان کا شہادت کا مقام ہمیشہ زندہ رہے گا اور وہ سب پولیس اہلکاروں کی قربانی کی یاد دلاتے رہیں گے جنہوں نے اپنی جانیں دی ہیں۔ وقت بہت سی چیزوں کو مٹا سکتا ہے، لیکن جموں و کشمیر پولیس میں ‘زندہ اور ‘شہداء کے درمیان جو محبت اور احترام ہے، وہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا‘۔