بانڈی پورہ میں بادل پھٹنے سے تباہی، سڑکوں اور پلوں کو نقصان، بستیاں بھی زیر آب

یو این آئی

سرینگر// شمالی ضلع بانڈی پورہ میں جمعرات کی صبح بادل پھٹنے سے سڑکوں اور پلوں کے ساتھ ساتھ فصلوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بانڈی پورہ گریز شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح بانڈی پورہ کے درد پورہ اور ارن علاقوں میں بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طیغانی آئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پانی رہائشی مکانوں میں گھس آیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے ارن اور درد پورہ میں ندی نالوں میں طغیانی آنے کی وجہ سے کئی پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ دھان کی پنیری بھی تباہ ہوئی اور کئی فٹ برجوں کو بھی پانی کے تیز بہاو نے اپنے ساتھ بہا کر لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ درد پورہ میں نالہ کے نزدیک رہائشی پذیر ایک کنبے کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق بانڈی پورہ کے چھانہ دجی علاقے میں بادل پھٹنے کی وجہ سے بانڈی پورہ گریز شاہر اہ پر ٹریفک کو روک دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے رہائشی مکانوں میں بھی پانی گھس آیا ہے۔
ان کے مطابق بانڈی پورہ کے پازالپورہ گاوں میں متعدد رہائشی مکان زیر آب آگئے ہیں۔
دریں اثنا سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شمالی ضلع بانڈی پورہ کے پازالپورہ ، چھانہ دجی اور ارن علاقوں میں ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کی خاطر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔