پیغمبرِ اسلام پر توہین آمیز تبصرہ؛ رام بن میں احتجاج، نابالغ ملزم گرفتار

محمد تسکین

بانہال // رام بن میں مذہبی توہین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کئے گئے اور میترہ چوک رام بن میں دھرنا دیکر ٹریفک کو کم از کم ایک گھنٹے تک بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، یہ احتجاجی مظاہرے انسٹاگرام پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور اللہ کے خلاف ایک پوسٹ کے نتیجے میں کئے گئے اور وہ ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اس سلسلے میں پولیس نے ایک نابالغ کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس نے ملزم نابالغ کی شناخت پرتھم کمار ولد پردیپ کمار کنڈل ساکنہ اپر میتراہ رام بن ، کو گرفتار کیا ہے۔
ایس پی رام بن موہتا شرما نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑکے کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف پولیس سٹیشن رام بن میں مقدمہ درج کر کیا گیا ہے۔
پیر کی شام اقلیتی فرقے کا احتجاج میترہ چوک رام بن میں کیا گیا اور ضلع انتظامی کمپلیکس رام بن اور رام بن قصبہ کی طرف جانے والی سڑکوں کو شام چھ بجے سے سات بجے تک احتجاجاً بند کیا گیا۔
ایس ایس پی رام بن موہتا شرما اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس لعل نے مظاہرین سے ملاقات کی اور قانون کے مطابق کاروائی کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں پولیس نے انسٹاگرام پر توہین آمیز پوسٹ میں ملوث لڑکے کو گرفتار کر لیا۔ میتراہ چوک رام بن میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت میتراہ اور رام بن کے علمائے کرام اور آئمہ مسجد نے کی۔
اس سلسلے میں پولیس تھانہ رام بن میں آئی پی سی کی دفعہ 153A اور 295 اے کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 101/2023 درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔