نئی دہلی// دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی عرضی پر نوٹس جاری کیا ہے جس میں ایجنسی نے علیحدگی پسند رہنما کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیاہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے یاسین ملک کے پروڈکشن وارنٹ جاری کرتے ہوئے جیل حکام کو انہیں 9 اگست 2023 کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
جسٹس سدھارتھ مردول اور تلونت سنگھ کی بنچ نے 9 اگست کو یاسین ملک کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے وارنٹ بھی جاری کیے ہیں۔
سالیسٹر جنرل تشار مہتا، جو کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے، نے دلیل دی کہ ملزم دہشت گرد اور علیحدگی پسند سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ اور اس معاملے کو “نایاب ترین” کیس کے طور پر دیکھ کرملک کو سزائے موت دی جائے۔
بعد ازاں، عدالت نے حکم دیا،”اس بنیاد کے پیش نظر کہ اس اپیل میں واحد جواب دہندہ یاسین ملک نے دوسرے الزامات کے ساتھ ساتھ سیکشن 121 آئی پی سی کے تحت ایک الزام کا اعتراف کیا ہے جس میں موت کی متبادل سزا کا انتظام ہے، ہم اُنہیں نوٹس جاری کرتے ہیں… جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے اُنہیں عدالت میں پیش کیا جائے “۔
عدالت نے مزید کہا کہ سماعت کی اگلی تاریخ پر اس کی پیشی کے لئے وارنٹ جاری کیے جائیں۔
یاد رہے کہ 24 مئی 2022 کو دہلی کے ایک ٹرائل کورٹ نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کو سخت غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) اور آئی پی سی کے تحت مختلف جرائم میں قصوروار ٹھہرانے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
ملک نے یو اے پی اے کے تحت لگائے گئے الزامات کا اعتراف کیا تھا اور اُنہیں مجرم ٹھہراتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اپنی عرضی میں، این آئی اے نے کہا کہ اگر ایسے “خوفناک دہشت گردوں” کو قصوروار ہونے کے باوجود سزائے موت نہیں دی جاتی ہے، تو سزا دینے کی پالیسی مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔
این آئی اے نے زور دے کر کہا کہ عمر قید کی سزا دہشت گردوں کے اس جرم کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی جب پورے ملک اور فوجیوں کے خاندانوں کو نقصان ہوا ہے، اور ٹرائل کورٹ کا یہ نتیجہ کہ ملک کے جرائم “نایاب ترین جرائم” کے زمرے میں نہیں آتے۔ سزائے موت کی منظوری کے غیر معمولی معاملات “سابقہ طور پر قانونی طور پر ناقص اور مکمل طور پر غیر پائیدار” ہیں۔