صدر جمہوریہ درو پدی مرمو دو روزہ دورہ لداخ کیلئے لیہہ پہنچیں

یو این آئی

سری نگر// صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اپنے دو روزہ دورہ لداخ یونین ٹریٹری کے لئے منگل کے روز لیہہ پہنچیں۔
لیہہ ہوائی اڈے پر لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر برگیڈیر (آر) بی ڈی مشرا، چیف ایگزیکٹیو کونسلر (سی ای سی) لیہہ اور سی ای سی کرگل و دیگر پولیس و سول انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔لیہہ پہنچنے پر ان کو گارڈ آف اونر پیش کیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ لیہہ کے سندھو سنسکرتی کیندرا میں لداخ یونین ٹریٹری کی چوتھی یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ آپ کل یعنی بدھ کو سیاچن بیس کیمپ کا دورہ کرکے وہاں تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ بات چیت کریں گی۔ان کا کہنا تھا کہ صدر جمہوریہ اسی دن لیہہ میں ان کے اعزاز میں دئے جانے والے شہری استقبالیہ میں بھی شرکت کریں گی اور وہ مقامی قابئیلوں کے ساتھ بھی بات چیت کریں گی۔
بتادیں کہ صدر مرمو نے 11 اکتوبر کو جموں وکشمیر کا دو روزہ دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے کشمیر یونیورسٹی کے 20 ویں کنوکیشن میں شرکت کی تھی اور بعد میں راج بھون میں قبائلی گروپوں کے ارکان اور سیلف ہلپ گرپوں کی خواتین کے ساتھ بات چیت کی تھی۔
صدر جمہوریہ نے اپنے دورے کے دوسرے دن صوبہ جموں کے ضلع ریاسی کے کٹرہ علاقے کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کا دورہ کرکے وہاں سر نو تعمیر شدہ پاروتی بھون اور اسکائی واک کا افتتاح کیا تھا۔