طلباء کو لوٹنے کے الزام میں دو افراد کے خلاف چالان پیش

سری نگر//کرائم برانچ کشمیر نے سری نگر میں ہوا بازی اور مہمان نوازی کا کورس فراہم کرنے کے بہانے طلباءکو دھوکہ دینے کے الزام میں دو افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
کرائم برانچ کے اقتصادی جرائم ونگ نے نذیر احمد وانی سکنہ تراگ پورہ بارہمولہ اور شبنم فیاض، اومپورہ بڈگام کے خلاف پولیس تھانہ کرائم برانچ کشمیر (اب اقتصادی جرائم ونگ سری نگر) کے مقدمہ ایف آئی آر نمبر 26/2018 زیر دفعہ 420، 120-بی آر پی سی میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ایک بیان میں، ونگ نے کہا کہ یہ مقدمہ وزیر اعلیٰ کے شکایت سیل سے موصول ہونے والی تحریری مواصلت پر درج کیا گیا تھا جس کے بعد محکمہ شہری ہوابازی جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے موصولہ ایک اور مواصلت، جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ طلباءنے انٹرنیشنل کالج آف ایوی ایشن باغات برزلہ، سری نگر (جو کہ تسلیم شدہ اور رجسٹرڈ نہیں ہے) میں ایوی ایشن اینڈ ہاسپیٹلیٹی کورس کے لیے بھاری رقم ادا کی ہے۔
اس کے مطابق، مقدمہ ایف آئی آر نمبر 26/2018 زیر دفعہ 420، 120-بی آر پی سی پولیس تھانہ کرائم برانچ کشمیر (اب اقتصادی جرائم ونگ سری نگر) درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی گئی۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پروپرائٹر انٹرنیشنل کالج آف ایوی ایشن باغات برزلہ، سری نگر نے مذکورہ کالج کو حکومت کے ریگولیٹری حکام سے رجسٹریشن لیے بغیر اپنی سطح پر قائم کیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ مذکورہ مالک نذیر احمد وانی نے کورس کے سرٹیفکیٹس پر مختلف لوگو چسپاں کیے تھے۔ مذکورہ ملزم مالک نے طلباءکو روشن مستقبل اور ملازمت کی حفاظت وغیرہ کے لمبے وعدوں کا لالچ دے کر دھوکہ دیا۔
کرائم برانچ کے بیان کے مطابق، مالک و منیجنگ ڈائریکٹر نذیر احمد وانی نے نام نہاد غیر تسلیم شدہ انٹرنیشنل کالج آف ایوی ایشن باغات برزلہ، سری نگر میں چھ ماہ اور ایک سالہ کورس کروانے کی آڑ میں امیدواروں کو ورغلایا اور اس طرح طالب علموں سے دھوکے سے بھاری رقوم بٹوریں۔ بے ایمانی اور دھوکہ دہی سے اور طلباء(شکایت کنندگان) کو لوٹا۔
ملزمان کے خلاف دفعہ 420، 120-بی آر پی سی کے تحت جرم ثابت ہو چکا ہے اور اسی کے مطابق چارج شیٹ کو عدالتی فیصلہ کے لیے پیسنجر ٹیکس سرینگر کی عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔