کشمیر میں سردی کا زور تیز تر، پہلگام سرد ترین جگہ

سری نگر//خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر میں سردی کی لہر تیز تر ہو کر اہلیان وادی کو گوناگوں مشکلات سے دوچار کر رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں ماہ رواں کے آخر تک موسم خشک رہنے کی ہی توقع ہے۔
ادھر وادی میں مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے جس سے رات کی سردی تیز تر ہوئی ہے اور لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع لیہہ میں منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائیبریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
دریں اثنا وادی میں جمعرات کو موسم صبح سے ہی خشک تھا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔