جموں مصنوعی جھیل پروجیکٹ کا کام رواں سال کے اکتوبر- نومبر تک مکمل ہوگا: حکام

File Photo

یواین آئی

جموں// حکام کا کہنا ہے کہ جموں کے مصنوعی جھیل پروجیکٹ پر جاری کام رواں سال کے ماہ اکتوبر – نومبر تک مکمل کیا جائے گا۔
جموں سمارٹ سٹی پروجیکٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو افسر راہل یادو نے یو این آئی کو بتایا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل کا کام رواں سال کے ماہ اکتوبر- نومبر تک مکمل کیا جائے گا جس کے بعد اس کو عوام کے نام وقف کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد اس کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کل 180 کروڑ روپیے مالیت کا پروجیکٹ ہے جس میں سے 150 کروڑ روپیے سول کام پر صرف کئے جا رہے ہیں۔
موصوف سی ای او نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی اہم پروجیکٹ ہے جس سے نہ صرف شعبہ سیاحت کو دوام ملے گا بلکہ علاقے کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ سیاحت کے اعتبار سے سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
قابل ذکر ہے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے متعدد اسٹیک ہولڈرز اور ماہرین سے مشورہ اور اسمارٹ سٹی اور توی ریور فرنٹ پروجیکٹس کے تحت اسے دوبارہ شروع کرنے کے حکم کے بعد اس پر جاری کام میں سرعت آئی ہے۔
ڈیڑھ کول میٹر لمبا اور 6 سو میٹر چوڑا یہ مصنوعی جھیل بیلیچرانہ میں جموں شہر کے چوتھے پل کے قریب تعمیر کیا جا رہا ہے۔