راجوری بس حادثے میں شہری از جان، 12طلباءسمیت 22 دیگر زخمی

سمت بھارگو

راجوری// جموں راجوری شاہراہ پر بدھ کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ 22 دیگر زخمی ہو گئے۔
ذرائع نے یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب منجاکوٹ سے راجوری جاتے ہوئے ایک کینٹر بس راجوری ضلع کے راجوری قصبہ کے نزدیک ٹھنڈی کسی گاو¿ں میں رادھا سوامی آشرم کے قریب سڑک پر الٹ گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ گاڑی نے الٹنے سے قبل دو کاروں کو ٹکرا دیا۔ اسی دوران گاڑی کے زد میں آکر ایک تیس سالہ شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ بائیس مسافر زخمی ہوئے۔ جنہیں جائے وقوعہ سے نکال کر جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری لے جایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو ایک سے زیادہ زخم آئے ہیں جب کہ ان میں 12 طالب علم ہیں جو اپنے سکول کی طرف جارہے تھے۔
جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے بتایا کہ تمام 22 زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں متعدد زخم آئے ہیں۔
ادھر پولیس نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔