عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) نے پیر کے روز ایک سوشل میڈیا صارف کو سیکورٹی فورسز کے شہیدوں کے خلاف نفرت انگیز/ گالی گلوچ پر مبنی مواد اپ لوڈ کرنے پر حراست میں لیا ہے۔
سی آئی کے نے ایک بیان میں کہا، “ایک انسٹاگرام صارف کو شہید ڈپٹی ایس پی ہمایوں بٹ کے خلاف نفرت انگیز/ بدنیتی پر مبنی پوسٹ کرتے ہوئے پایا گیا جس کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی۔
یاد رہے کہ جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی ایس پی ہمایوں مزمل بٹ دیگر فوجی افسران کے ساتھ، بدھ کو اننت ناگ کے کوکر ناگ میں جنگجوؤں کے ساتھ ایک تصادم کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
سی آئی کے نے بیان کہاکہ حراست میں لئے گئے شخص کے سوشل میڈیا ہینڈلز کے ابتدائی تجزیے پر یہ پتہ چلا ہے کہ صارف دہشت گردی کی حمایت کرنے، سیکیورٹی فورسز کو دھمکیاں دینے اور نام پکارنے وغیرہ کا مواد بھی اپ لوڈ کر رہا ہے۔
حراست میں لئے گئے صارف کی شناخت جسٹ ڈائل میں عرفان ملک (43) ولد عبدالرشید ملک، چھوٹا بازار سری نگر کے رہائشی کے طور پر کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارف کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کر کے حراست میں لیا گیا ہے۔