سونمرگ میں چنار کی تسکری کی کوشش ناکام، لکڑی سمیت ٹرک ضبط

غلام نبی رینہ

کنگن// فارسٹ پروٹیکشن فورس گاندربل اور محکمہ جنگلات نے سونمرگ میں چنار کے درخت سے کاٹی گئی غیر قانونی لکڑی کو ٹرک سمیت ضبط کرلیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ شب فارسٹ پروٹکشن فورس گاندربل اور محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم جس کی قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس محمد یوسف ماگرے، بلاک فارسٹ افسر سونمرگ بلال احمد کر رہے تھے، نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سونمرگ میں ایک ایل پی ٹرک زیر نمبر JK22A-9622 سے غیر قانونی طور پر کاٹی گئی چنار کے درخت کی لکڑی برآمد کی۔
انہوں نے بتایا کہ لکڑی کو لداخ سمگل کیا جارہا تھا جس کو فارسٹ پروٹیکشن فورس اور محکمہ جنگلات نے ناکام بنادیا۔
محکمہ جنگلات کے ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سمگلروں نے پہلے چنار کے درخت کی لکڑی نیچے اور کچھ قالین رکھے تھے تاکہ فارسٹ چیک پوسٹوں پر چکنگ کے دوران چنار کی لکڑی کو دیکھا نہ جا سکے، لیکن فارسٹ پروٹیکشن فورس اور محکمہ جنگلات نے سمگلروں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے لکڑی سمیت گاڑی کو فارسٹ ایکٹ کے تحت ضبط کرلیا ہے اور اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ فارسٹ ڈوثرن گاندربل کی طرف سے ناگہ بل سے سونمرگ تک چک پوسٹ قائم ہونے کے باوجود گاڑی سونمرگ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تھی جبکہ لداخ کی طرف جانے والے صفیدے کے درخت اور کے ڈی لکڑی گاڑیوں کو چیک کیا جاتا ہے۔