اکبر لون بھارتی آئین سے وفاداری کا حلف نامہ سپریم کورٹ میں داخل کریں: مرکز

عظمیٰ ویب ڈیسک

نئی دہلی// مرکز نے پیر کو شمالی کشمیر سے ممبر پارلیمنٹ اکبر لون سے کہا کہ وہ بھارتی آئین سے وفاداری اور پاکستان کی طرف سے سپانسر کی جانے والی دہشت گردی کی مذمت کا حلف نامہ داخل کریں۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب ایک عرضی گزار نے اکبر لون کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ جب وہ ایم ایل اے تھے تو انہوں نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ جب دفعہ 370 کیس کی سماعت آج دوبارہ شروع ہوئی، مرکز نے اکبر لون سے کہا کہ وہ بھارتی آئین سے وفاداری کا حلف نامہ داخل کریں۔

اکبر لون سپریم کورٹ میں دفعہ 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والے مقدمے میں سرکردہ درخواست گزار ہیں۔

مرکز کی طرف سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ پر زور دیا کہ لون کو جموں و کشمیر میں پاکستان کی طرف سے دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کی مخالفت کا حلف نامہ داخل کریں۔