محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن جمعرات کو خراب موسمی صورتحال کے درمیان جمعرات کو متعدد مویشی ہلاک ہو گئے۔
سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی کے بالائی علاقوں میں جمعرات کی صبح 4 بجےبادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ایک مقامی زمیندار کی پانچ بھیڑیں ہلاک ہوگئی ہیں جبکہ رام بن میتراہ میں چندروگ کی بستی میں بجلی کے کھمبے میں کرنٹ کی وجہ سے ایک گائے ہلاک ہوگئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ تحصیل کھڑی جمعرات کی علی الصبح قریب چار بجے ترگام کے گڈ بیر بیہک میں بارشوں کے دوران زوردار آواز کے ساتھ آسمانی بجلی گر گئی اور وہاں موجود محمد یوسف گوجر ولد غلام حسین گوجر ساکنہ آکھرن کھڑی کی پانچ بھیڑیں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔
اُدھر رام بن کے میتراہ علاقے میں ٹیلیویژن ریلے ٹاور چندروگ کے پاس لوہے کے بجلی کھمبے میں بجلی کے کرنٹ کی وجہ سے ایک دودھ دینے والی اعلی نسل کی جرسی گائے کرنٹ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئی ہے۔ یہ گائے مشتاق احمد نظامی ساکنہ چندروگ رام بن کی تھی اور یہ واقع صبح قریب گیارہ بجے پیش آیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے بارشیں ہورہی تھیں جب یہ واقع رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے کھمبے میں کرنٹ کی وجہ مقامی بستی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بعد میں محکمہ بجلی نے علاقے کی بجلی کاٹ کر فالٹ کو دور کیا۔
لوگوں نے دونوں واقعات میں معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔