عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ مغل میدان کے سمنبول ہائرسیکنڈری سکول میں تعینات 2 اساتذہ پر طالبہ کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اتوار کو گیارہوں جماعت کے امتحان کے دوران ڈیوٹی پر تعینات دو اساتذہ نے طالبہ کو جنسی طور ہراساں کیا، جسکے بعد مقامی لوگوں نے جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے دونوں اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ،گورنمٹ ہائر سیکنڈری سکول سنمبول میں گیارہویں جماعت کے امتحانات چل رہے تھے جس دوران وہاں ڈیوٹی پر تعینات دو اساتذہ نے طالبہ کو امتحان کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا ، جس کے بعد طالبہ نے گھر جاکر اہل خانہ کو اسکی جانکاری دی ۔
اہلِ خانہ نے پولیس تھانہ چھاترو میں تحریری شکایت درج کرائی، شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں پوسکو ایکٹ کی دفعہ 8/9 اور آئی پی سی کی دفعہ 354 کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے بتایا کہ دو سرکاری ملازمین کے خلاف شکایت موصول ہوئی جس کے بعد ان پر مقدمہ درج کیاگیاہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ہم نے متعلقہ محکمہ کو بھی آگاہ کر دیا ہے تاکہ محکمہ کی جانب سے بھی کاروائی کی جائے۔