عیدگاہ کے بجائے بڈگام میں کینسر ہسپتال بنایا جائے:انجینئر نذیر یتو

سری نگر// عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق چیئر پرسن جموں وکشمیر سیمنٹ لمیٹڈ، انجینئر نذیر یتو نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی سے بڈگام کے نگام علاقے میں چرار شریف روڈ پرکینسر ہسپتال بنانے کی درخواست کی ہے۔ آج جاری ایک بیان میں،انجینئر نذیر یتو نے کہا ہے کہ تاریخی عید گاہ کو ہسپتال کے لیے منتخب کرنا متعدد سطحوں پر غلط ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ جگہ تاریخی طور پر عیدگاہ کے بطور جانی جاتی ہے اس لیے یہاں تعمیرات سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے۔
انجینئر یتو نے مزید کہا کہ ہسپتال کے چھ کلومیٹر کے اندر ہسپتال بنانے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ ہر انفراسٹرکچر صرف سری نگر میں ہی کیوں بنایا جائے؟ کیا دیگر اضلاع ترقی کے مستحق نہیں؟
اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام علاقوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی وسائل کی مساوی الاٹمنٹ کا تصور موجود ہے لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی کہ حکومت صرف سیاسی منافع حاصل کرنے کیلئے عوامی مفاد کے خلاف فیصلوں پر عمل درآمد کرنے پر کیوں بضد ہے”۔
یتو نے کہا کہ ڈاکٹر اندرابی کو بڈگام میں چرار شریف روڈ پر ہسپتال بنانا چاہئے جہاں وسیع و عریض اراضی دستیاب ہے جو اس طرح کی ادارے کے لئے استعمال کی جا سکتی ہے۔ اُنہوں نے کہا، “اس علاقے میں ہسپتال پر سکون نظر آئے گا اور مریضوں میں مثبت نفسیاتی اثر پیدا کرے گا اور شہر کی آلودگی اور شور سے دور رہے گا۔”