سخت ترین حفاظتی انتظامات کے بیچ بڈھا امر ناتھ یاترا شروع

یو این آئی

جموں// جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں آج سے بڈھا امر ناتھ یاترا کا باضابط طور پر آغاز ہوا ہے۔صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار اور اے ڈی جی پی جموں آنند جین نے یاترا نواس جموں سے پہلے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔بتادیں کہ راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر امسال سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق صوبائی کمشنر جموں اور اے ڈی جی پی جموں نے یاترا نواس سے بڈھا امر ناتھ یاترا کے پہلے قافلے کو روانہ کیا ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امسال صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی میں بڈھا امر ناتھ یاترا 7 اگست سے شروع ہوگی جو کہ 20 اگست کو اختتام کو پہنچی گی۔جہاں ایک طرف بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، وہیں یاتریوں کو تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتا دیں کہ بابا بڈھا امرناتھ کی عبادت گاہ جس کو ”چٹانی بابا امرناتھ مندر“ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے، پونچھ میں سطح سمندر سے 4 ہزار 6 سو میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ یہ عبادت گاہ ”بھگوان شیو“ کے نام پر وقف ہے اور ہر سال پونچھ سمیت صوبہ جموں کے متعدد اضلاع سے عقیدت مند منڈی علاقے کا رخ کرکے بڈھا امرناتھ مندر کے درشن کرتے ہیں۔
بڈھا امرناتھ یاترا کے موقع پر بھی دیگر مذہبی رسومات کی طرح بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے دوران روایتی مذہبی ہم آہنگی اور صدیوں پرانی رواداری کے منظری دکھائی دیتے ہیں۔