مرکزی بجٹ جموں و کشمیر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا:ترون چگھ

سری نگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چُگھ نے آج مرکزی بجٹ کو جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں چُگھ نے کہا کہ مودی حکومت نے ہمیشہ اس بات کو ذہن میں رکھا ہے کہ جموں و کشمیر کی مساوی ترقی ہونی چاہیے جس کے لیے اس باربجٹ میں سالانہ مختص رقم میں 876.98کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
مالی سال 2022-23میں 34,704کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے، اس بار اسے بڑھا کر 35,581کروڑ روپے کردیا گیا ہے جو خطے کی تعمیر اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مودی حکومت کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو مجوزہ پن بجلی منصوبے جموں و کشمیر میں لوگوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں بھی ایک طویل سفر طے کریں گے۔
چگھ نے کہا کہ مفتیوں اور عبداللہ کی سربراہی میں ریاستی حکومتوں نے ہمیشہ یونین ٹیریٹری کے مفادات کو نظر انداز کیا ہے اور ریاست کو رجعت پسند اور پسماندہ رکھنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے دفعہ 370کو منسوخ کیا گیا ہے، مودی حکومت نے خطے کو دہشت گردی سے نجات دلانے اور اسے سیاحت کا مرکز بنانے کے لیے کئی غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی طویل عرصے سے کھوئی ہوئی شان کو جلد بحال کیا جائے گا اور مرکزی بجٹ اس سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔