بی ایس ایف نے پاکستانی ڈرون مار گرایا، تین کلو ہیروئن برآمد

یواین آئی

جالندھر// بارڈر سیکورٹی فورس نے پنجاب کے ترن تارن ضلع کے کالیا گاؤں کے نزدیک ایک پاکستانی ڈرون کو مار گرایا۔ سیکیورٹی فورس نے ڈرون سے تین کلو سے زائد ہیروئن بھی برآمد کی ہے۔
بی ایس ایف کے تعلقات عامہ کے ایک افسر نے اتوار کو بتایا کہ ہفتہ کی رات تقریباً 22:46 بجے سرحد پر تعینات بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ترن تارن ضلع کے کالیا گاؤں کے نزدیک پاکستان سے ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے والے مشتبہ ڈرون کی آواز سنی۔ مقررہ مشق کے مطابق فوجیوں نے مشکوک اڑنے والی چیز کو گولی مار کر روکنے کی کوشش کی۔ پورے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور پولیس اور متعلقہ اداروں کو اطلاع کر دی گئی۔
اس کے بعد علاقے کی مکمل تلاشی کے دوران بی ایس ایف اور پنجاب پولیس کی ٹیم نے گاؤں کالیا کے نزدیک کھیتی کے کھیت میں ایک کواڈ کاپٹر ڈی جے میٹریس (وزن – تقریباً 7.2 کلوگرام) برآمد کیا۔ مزید تلاشی کے دوران ہیروئن کے مشتبہ تین پیکٹ (وزن – تقریباً 3.068 کلوگرام) بھی برآمد ہوئے۔
اس سے پہلے ہفتہ کی صبح بی ایس ایف نے فاضلکا کے ایک سرحدی گاؤں میں ڈرون کے ذریعے گرائے گئے تقریباً 25 کلوگرام ہیروئن، ایک پستول اور 50 کارتوس برآمد کیے تھے۔