کٹھوعہ میں حادثاتی گولی لگنے سے بی ایس ایف اہلکار کی موت

جموں// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی اتوار کو جموں اور کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک فارورڈ پوسٹ پر اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے سے موت ہو گئی۔
حکام نے بتایا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا مدھیہ پردیش کے رہنے والے 55 سالہ اے ایس آئی سکھنندن پرساد نے خودکشی کی یا اس کی رائفل حادثاتی طور پر چلنے کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ متوفی ہیرا نگر سیکٹر میں بارڈر چوکی گرنام میں ڈیوٹی پر تعینات تھا جب اس کے ساتھیوں نے اسے اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے سے زخمی حالت میں پایا۔
حکام نے بتایا کہ اسے قریبی طبی مرکز لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔
ادھر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی کارروائی شروع کر دی ہے۔