بین الاقوامی سرحد پر منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

جموں// بی ایس ایف نے جمعرات کو سانبہ ضلع سرحدی علاقے میں منشیات کے آٹھ پیکٹ برآمد کرکے منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنایا ہے وہیں ایک در انداز کو زخمی کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
پی آر او بی ایس ایف جموں نے بتایا کہ علی الصبح بی ایس ایف کے اہلکاروں نے سانبہ علاقے میں بین الاقوامی سرحد پر سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا اور علاقے میں منشیات (ہیروئن) کے 8 پیکٹ برآمد کئے۔
بی ایس ایف کے پی آر او نے کہا، “بی ایس ایف کے اہلکاروں نے پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک شخص کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی جس کے پاس ایک بیگ تھا”۔
انہوں نے کہا کہ چوکس بی ایس ایف کے اہلکاروں نے فوری طور پر دراندازی پر گولیاں چلائیں اور اسے زخمی کر دیا۔ بی ایس ایف نے بتایا کہ زخمی سمگلر رینگتے ہوئے واپس پاک کی طرف جانے میں کامیاب ہو گیا۔
اُنہوں نے مزید کہا ، “علاقے میں زخمی پاک اسمگلر کے خون کے دھبے ملے ہیں”۔