ویب ڈیسک
اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں مشتبہ افراد کی فائرنگ میں ایک دسویں جماعت کا طالب علم شدید طور پر زخمی ہو گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے وتریگام وانیہامہ میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے ایک لڑکا زخمی ہوا، جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم اس کے حالت سے متعلق کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا،” دہشت گردوں نے اننت ناگ ضلع کے ونیہامہ کے رہائشی ساحل بشیر ڈار ولد بشیر احمد ڈار نامی ایک نوجوان پر گولی چلائی۔ زخمی نوجوان کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے “۔
واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے تلاش شروع کر دی ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔