سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر بھارت جوڑو پر عارضی بریک

قاضی گنڈ// کانگریس نے سیکورٹی خدشات اور ہجوم کی بدانتظامی کے بعد جمعہ کو راہول گاندھی کی قیادت میں نکالی گئی بھارت جوڑو یاترا کو قاضی گنڈ کے قریب روک دیا۔
اے آئی سی سی انچارج جموں کشمیر رجنی پاٹل نے ٹویٹ کیا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا کو سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
پاٹل نے کہا، “سیکورٹی کی خرابیاں یوٹی انتظامیہ کے غیر منصفانہ اور غیر سنجیدہ رویہ کی نشاندہی کرتی ہیں”۔
کانگریس لیڈروں نے الزام لگایا،”گاندھی نے قاضی گنڈ پہنچنے کے بعد منصوبہ کے مطابق جنوبی کشمیر میں ویسو کی طرف پیدل چلنا شروع کیا لیکن کانگریس کے کارکنوں نے اچانک پایا کہ بیرونی حفاظتی حصار، جس کا انتظام جموں و کشمیر پولیس کو کرنا تھا، نہیں کیا گیا ہے “۔
انہوں نے بتایا کہ گاندھی کو جمعہ کو 11کلومیٹر پیدل جانا تھا لیکن بمشکل 500میٹر چلنے کے بعد انہیں واپس جانا پڑا۔
کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے کہا، ’’سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر، ہمیں یاترا کو عارضی طور پر روکنا پڑا کیونکہ یاترا کے راستے میں بھیڑ کی بدانتظامی تھی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ جہاں لوگ راہول گاندھی سے اپنا پیار ظاہر کرنے کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوئے تھے، وہیں کانگریس لیڈر کی سلامتی کے بارے میں خدشات تھے کیونکہ “لوگ ان کے بہت قریب آ رہے ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کی بدانتظامی کی وجہ سے، راہول کی سیکورٹی نے انہیں چلنے کی اجازت نہیں دی اور وہ اپنی کار پر سوار ہوکر کھنہ بل پہنچے جہاں یاترا کو رات کیلئے رکنا ہے.