بی جے پی جموں و کشمیر میں انتخابات سے کترا رہی ہے: عمر عبداللہ

عظمیٰ ویب ڈیسک

سری نگر// جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس (این سی) پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ’رائے دہندوں کے ذریعہ سزا کے خوف سے‘ جموں و کشمیر میں انتخابات سے کترا رہی ہے۔
جموں و کشمیر میں پنچایتی اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے ممکنہ التوا کے بارے میں میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے، عمر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی جے پی ریاست میں یہ انتخابات کرانے کے موڈ میں نہیں ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ لوگ انہیں ووٹوں کے ذریعے سزا دیں گے۔
اس سے قبل، ایسا ہی ایک بیان کل جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے بھی دیا۔
این سی اور پی ڈی پی کی طرف سے بی جے پی کے خلاف تنقید اس وقت شروع ہوئی جب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیکورٹی فورسز نے مرکز کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کی آئی ایس آئی پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے دوران سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق، کولگام، کوکرناگ اور سری نگر شہر میں سیکورٹی فورسز پر حالیہ حملوں کے بعد انتخابات کیلئے سیکورٹی صورتحال پر دوبارہ نظر ثانی کی گئی،بصورت دیگر انتخابات اس سال نومبر-دسمبر میں منعقد ہونے تھے۔