پونچھ کے سرکاری سکول کی نئی پہل، طلباء کی بائیو میٹرک حاضری شروع

عشرت حسین بٹ

منڈی//معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلباءکی سکول میں سو فیصد حاضری کو یقینی بنانے کیلئے ایک نئی پہل کے تحت پونچھ میں ایک سرکاری سکول نے طلباءکی بائیو میٹرک حاضری شروع کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ میں قائم گورنمنٹ ماڈل ہائر سکنڈری سکول میں طلباءکی حاضری کیلئے بھی بائیو میٹرک نظام کا استعمال شروع کیا گیا ہے۔
بتا دیں کہ متعلقہ سکول میں نویں سے بارویں جماعت تک 275 طلباءو طالبات زیر تعلیم ہیں، جو صبح سکول میں آتے ہی بایومیٹرک نظام کے زریعے اپنی حاضری لگاتے ہیں اور سکول سے چھٹی ہونے سے قبل بھی اسی طرح سے حاضری لگاتے ہیں۔
سکول پرنسپل انور خان کے مطابق، سکول میں طلباءو طالبات کی بائیومیٹرک حاضری کا مقصد سکول میں طلباءکی سو فی صد حاضری کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا سکول ضلع کا واحد تعلیمی ادارہ ہے جہاں اساتذہ کے ساتھ ساتھ طلباءکی بھی بائیومیٹرک حاضری لگائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں وہ ہر بچے کی حاضری اس کے والدین کے موبائل نمبر سے منسلک کریں گے تاکہ انہیں موبائل پیغام کے زریعہ یہ پتہ چل سکے کہ آیا ان کے بچے سکول میں کس وقت حاضر ہوتے ہیں اور انہیں کس وقت چھٹی ہوتی ہے۔
پرنسپل کا کہنا ہے کہ اس حاضری کی وجہ سے جہاں طلباءو طالبات روزانہ سکول حاضر ہونگے وہیں ان کے تعلیمی معیار کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ شام کو ہر بچے کی حاضری کو پی ڈی ایف بنا کر ان کے والدین کو وہاٹس ایپ کے زریعے ارسال کیا جاتا ہے تاکہ والدین کو بھی پتہ چل سکے کہ ان کا بچہ سکول میں حاضر تھا یا نہیں ۔
پرنسپل موصوف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایف حاضری کے زریعہ وہ بورڈ امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا و طالبات کی حاضری انہیں دستیاب کریں گے۔
بائیومیٹرک حاضری کے حوالے سے سکول میں زیر تعلیم طلباءناہدہ گل، ریحان بٹ اور رخسانہ کوثر نے اس امر کو ایک بہتر قدم سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت اچھا لگا کہ ان کے سکول کی انتظامیہ نے طلبا و طالبات کے لیے بائیو میٹرک حاضری کا انتظام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بہت اچھا لگا کہ وہ اپنے اساتذہ کے ساتھ ساتھ اپنی بھی بائیومیٹرک کے زریعہ حاضری لگا رہے ہیں۔