مودی کی پالیسیوں کے بدولت ہی راہول لالچوک میں ترنگا لہراپائے:رویندر رینہ

جموں//جموں وکشمیر بھارتیہ جنتاپارٹی یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے اتوار کے روز کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی ، ملی ٹینسی اور علیحدگی پسندی کے خلاف کڑا رخ اپنانے کے باعث ہی آج راہل گاندھی نے لالچوک سری نگر میں ترنگا لہرایا۔
انہوں نے کہاکہ کشمیر میں حالات اب پوری طرح سے معمول پر آچکے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر آج راہل گاندھی نے لالچوک میں ترنگا لہرا یا تو یہ مودی حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
رویندر رینہ نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی اور علیحدگی پسندی کو ختم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی جموں وکشمیر میں اس وقت حالات معمول پر ہیں، ہر طرف بھائی چارہ ، پیار و محبت کی فضا قائم ہے۔
ان کے مطابق دفعہ 370کی منسوخی کے بعد ہی راہل گاندھی کو آج لالچوک میں ترنگا لہرانے کا موقع ملا۔
رویندر رینہ نے کہاکہ ملک کے وزیرا عظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ کی ذاتی کاوشوں کے نتیجے میں ہی جموں وکشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چاروں طرف سے امن و سکون کی فضا قائم ہے تو راہل گاندھی کو بھی لگا کہ وہ اب لالچوک میں ترنگا لہرائیں گے۔
بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے چیف نے کہاکہ اگر کانگریس کی سرکار ہوتی تو راہل گاندھی لالچوک میں ترنگا نہیں لہراتے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھاجپا لیڈروں جن میں وزیر اعظم مودی اور مرلی منوہر جوشی شامل تھے نے نویں کی دہائی جب کشمیر میں حالات بہت زیادہ خراب تھے لالچوک میں ترنگا لہرایا۔