منصوبہ بند سازش کے تحت بٹہ مالو بس سٹینڈ کو منتقل کیا گیا، رونقیں دوبارہ واپس لوٹ آئیں گی: رویندر رینہ

یو این آئی

سری نگر//جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویند ر رینہ نے پیر کے روز کہاکہ بٹہ مالو بس سٹینڈ کی عظمت رفتہ اور شان و شوکت بحال کرنے کی خاطر بہت جلد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے حکومت کو کہا ہے کہ بٹہ مالو کے لوگوں کی آواز سنی جائے اور اس مسئلے کو جلد ازجلد حل کیا جائے۔
ان کے مطابق سابقہ حکمرانوں نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت بٹہ مالو بس اسٹینڈ کو دوسری جگہ منتقل کیا اوراس طرح سے یہاں کے غریبوں کے ساتھ نا انصافی کی گئی۔
ان باتوں کا اظہار رویندر رینہ نے بٹہ مالوایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا،” بٹہ مالو بس سٹینڈ کی رونقیں بہت جلد واپس لوٹ آئے گی کیونکہ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں مداخلت کی اور جموں وکشمیر سرکار کو ہدایت دی ہے کہ لوگوں کی آواز سنی جائے اور اس مسئلے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے حل کیا جائے“۔
انہوں نے کہاکہ بھاجپا ہر چیز میں سیاست کرنے میں یقین نہیں رکھتی بلکہ لوگوں کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سال 2017میں اس وقت کی حکومت نے بٹہ مالو بس سٹینڈ اور جموں اڈے کو منتقل کرنے کا آرڈر نکالا تاہم بھاجپا ممبران اسمبلی نے اس پر ایوان میں شور مچایا اور اپنے لوگوں کے لئے ڈٹے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جموں بس اڈے کو منتقل نہیں کیا لیکن بٹہ مالو بس سٹینڈ کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت دوسری جگہ منتقل کرکے لوگوں کے پیٹ میں چھرا گھونپ دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہاں کے سیاستدانوں نے بٹہ مالو کو ویران کرکے لوگوں کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی کی۔
رویندر رینہ کے مطابق جب وزیر داخلہ کشمیر کے دورے پر بارہمولہ پہنچے تو میں نے وکیل بن کر بٹہ مالو کا معاملہ اٹھایا اور اسی وقت امیت شاہ نے چیف سیکریٹری اور ٹرانسپورٹ کمشنر کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے بتایا کہ ہر معاملے میں سیاست اچھی بات نہیں ، ہمیں خدمت خلق ، حب الوطنی کا جذبہ جس کا ذکر پیارے نبی (ص ) نے کیا ہے وہ ہر شخص کے دل میں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی عوام کو کوئی پریشانی ہوگی تو بی جے پی ان کے مسائل حل کرنے کی خاطر پوری طرح سے تیار ہیں۔
رویندر رینہ نے کہاکہ حال ہی میں بٹہ مالو کے تاجروں نے جموں میں سینئر وکلا کے ساتھ ملاقات جس کے بعد ججوں کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ بٹہ مالو کی آواز سنی جائے اور اس معاملے کو حل کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ بہت جلد تاجر برادری کے لوگ اس معاملے کو لے کر چیف سیکریٹری ، ایل جی منوج سنہا سے ملاقات کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو وزیر داخلہ امیت شاہ سے بھی ملاقی ہونگے۔