بابا کا بلڈوزر صرف با اثر لوگوں کی تجاوزات کو ہٹا ئے گا: الطاف ٹھاکر

سری نگر//بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر الطاف ٹھاکر نے جمعرات کو کہا کہ “بابا کا بلڈوزر” سرکاری زمین پر بااثر لوگوں کی طرف سے کئے گئے تجاوزات کو ہٹا دے گا لیکن غریب لوگوں کو پریشان نہیں کرے گا۔
ٹھاکر نے کہا،”بابا کا بلڈوزر اپنا کام کرے گا، چاہے وہ علی محمد ساگر (نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری)، فاروق عبداللہ (سابق وزیر اعلیٰ) یا مظفر شاہ (عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر) کے خلاف ہو۔ ایل جی نے واضح کیا ہے کہ عام لوگوں کو ہاتھ نہیں لگایا جائے گا۔ صرف زمین پر قبضہ کرنے والوں کو ہی نشانہ بنایا جائے گا“۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے دوسرے دور میں بلڈوزر مبینہ مجرموں اور فسادات میں ملوث لوگوں کی جائیدادوں کو منہدم کرتے ہوئے دیکھاگیا، جس سے وزیر اعلیٰ کو “بابا بلڈوزر” کا خطاب ملا۔ اب، ”بابا کا بلڈوزر“ کی اصطلاح عام طور پر ملک بھر میں بی جے پی لیڈروں نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے استعمال کی ہے۔
ٹھاکر نے ایک سوال کے جواب میں کہا،”جو غلط ہے وہ غلط ہے۔ عسکریت پسندی کے دور میں حریت کانفرنس سے وابستہ لوگوں نے زمینوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ آج بھی اننت ناگ میں قاضی یاسر کی غیر قانونی تعمیر کو منہدم کر دیا گیا۔حریت کے لوگوں نے جہاں سے بھی زمینیں ہتھیا لی تھیں”۔
ٹھاکر نے کہا کہ بدھ کو لال چوک میں دکانوں کو سیل کیا گیا کیونکہ وہ زبردستی چھینی گئی زمین پر تعمیر کی گئیں تھیں۔
انہوں نے کہا،”وہ زمین گڈا سنگھ کی ہے… اس سے زبردستی چھین لی گئی ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر قبضہ کی گئی زمینوں کو ترجیحی بنیادوں پر واگزار کروانا ہو گا۔
تاہم حکام نے جمعرات کی صبح دو درجن دکانوں کی مہریں اس وقت ہٹا دیں جب یہ بات سامنے آئی کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن چار دہائیوں سے دکانداروں سے کرایہ وصول کر رہی ہے۔
ٹھاکر نے کہا کہ بے دخلی مہم عدالتی احکامات پر چلائی جا رہی ہے اور جموں و کشمیر انتظامیہ صرف اس پر عمل درآمد کر رہی ہے۔
30 سال کی عسکریت پسندی کے دوران بااثر لوگوں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کر لیا۔ این سی اور پی ڈی پی کے لوگ اس میں شامل رہے ہیں۔ انہوں نے زمینوں پر قبضہ کر لیا ہے جنہیں ہسپتال، ہوٹل اور کھیل کے میدان بنانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے تھا۔
ٹھاکر نے پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ ہمیشہ فوج اور پولیس کے خلاف بولتی ہیں “کیونکہ اس نے چین سے اپنی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں… اس قسم کی باتیں ملک دشمن ہیں”۔
انہوں نے کہا، “اگر اسے کسی ادارہ جاتی زمین پر قبضے کو اجاگر کرنا تھا، تو اسے نوائے صبح (NC ہیڈکوارٹر) یا خدمت ٹرسٹ (کانگریس کی ملکیت) کو اجاگر کرنا چاہیے تھا”۔