ڈیموکریٹک آزادپارٹی نے ضلع سطحی کمیٹیوں کے قیام کا عمل شروع کیا، سینئرلیڈران پرمشتمل6پینل تشکیل

جموں//ڈیموکریٹک آزاد پارٹی (ڈی اے پی) کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر پارٹی کی زونل اور ضلع سطحی کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے تجاویز پیش کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
پارٹی کے ایک رہنما نے جمعرات کو بتایا کہ چھ پینلز جن میں سینئر لیڈران ممبر ہیں، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10دنوں کے اندر اپنے متعلقہ زون کی مشق مکمل کریں اور مجوزہ زونل اور ضلعی کمیٹیوں کی سفارشات 18 اکتوبر تک پیش کریں۔
سابق وزیر اعلیٰ کا اپنی نئی تشکیل شدہ پارٹی کی زونل اور ضلعی کمیٹیوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا جب وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو یقین دلایا کہ ووٹر لسٹوں کی جاری مشق کی تکمیل کے بعد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے۔
آزاد نے تمام 20اضلاع کا احاطہ کرنے کے لیے جموں و کشمیر ڈویژنوں کے لیے تین تین ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا، “جب ہماری زونل اور ضلعی کمیٹیاں تشکیل ہو جائی گی ، زونل اور ضلعی عہدیداروں کو بلاک اور پنچایت سطح پر بلاک کمیٹیوں اور پنچایت کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے کہا جائے گا”۔
سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند کی سربراہی میں 11رکنی سنٹرل زون جموں (شہری اور دیہی)، کٹھوعہ، سانبہ اور ادھم پور اضلاع کا احاطہ کرے گا۔
غلام محمد سروڑی کی قیادت میں نو رکنی چناب ویلی زون رام بن، ڈوڈہ، کشتواڑ کا احاطہ کرے گا۔
پارٹی لیڈر نے آزاد کے حوالے سے بتایا کہ اشوک شرما کی سربراہی میں چھ رکنی پیر پنجال زون جموں صوبے کے ریاسی، راجوری اور پونچھ اضلاع کا احاطہ کرے گا۔
وادی کشمیر میں، تاج محی الدین کی زیر قیادت شمالی کشمیر زون بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع کا احاطہ کرے گا۔
پیرزادہ محمد سعید کی زیر قیادت جنوبی کشمیر زون اننت ناگ، کولگام، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کا احاطہ کرے گا، جبکہ وسطی کشمیر زون کے اراکین کی نشاندہی ابھی باقی ہے، جو سری نگر، بڈگام اور گاندربل اضلاع کا احاطہ کریں گے۔
زونل کمیٹیوں اور ضلعی کمیٹیوں کے صدر اور عہدیداروں کے انتخاب کے معیار کے بارے میں، آزاد پارٹی کے لیڈر نے کہا کہ آزاد نے واضح کیا ہے کہ ہر عہدیدار، خاص طور پر زون اور ضلع کے صدر، جب تک کہ انتخابات ختم نہ ہوں،ہر ماہ کم از کم 20دن پارٹی کیلئے وقف کرنے کے قابل ہونا چاہئے۔
عہدیداران، خاص طور پر زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے صدور کے پاس اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے اپنی ٹرانسپورٹ ہونی چاہیے۔ صدر اور عہدیداروں کو اتنی تعلیم یافتہ ہونا چاہئے کہ وہ انگریزی، ہندی اور اردو میں پیغامات وصول کر سکیں اور انہیں منتقل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں میں نوجوانوں کی نمائندگی کم از کم 50فیصد مقرر کی گئی ہے، بطور عہدیدار اور اراکین ، جب کہ کم از کم 20فیصد عہدیداران اور اراکین خواتین ہوں گی۔
ڈی اے پی لیڈر نے کہا کہ تمام علاقوں اور ذاتوں کو متعلقہ کمیٹیوں میں مناسب نمائندگی دی جانی چاہئے۔