سرینگر میں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ، درجہ حرارت منفی2.1 درج

Photo: Amaan Farooq

 

سری نگر//وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے جس سے سردیوں کی لہر تیز تر ہوئی ہے۔
جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے اور شبانہ درجہ حرارت منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ رات منفی 1.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطانق، خشک موسم کے درمیان کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے سے سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے۔
وادی میں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جا رہا ہے کیونکہ زیادہ تر مقامات پر درجہ حرارت صفر سے نیچے ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گلمرگ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور وادی میں ہفتے کو بھی صبح سے ہی موسم نہ صرف خشک رہا بلکہ ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔