یو این آئی
سری نگر//ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے جمعے کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں جلدازجلد اسمبلی چناو منعقد کرکے غیر یقینی صورتحال کو ختم کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ انتخابات نہ کرانے سے عوام اور سیاسی لیڈران میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو یہاں کے لوگ شکست دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران سیاسی غیر یقینی کی صورتحال ہے کیونکہ ان آٹھ سالوں کے دوران یہاں پر چناو ہی نہیں ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنے کی خاطر اسمبلی چناو ناگزیر ہے لہذا مرکزی حکومت کو اس حوالے سے جلدازجلد فیصلہ لینا چاہئے۔
تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کی گھر واپسی کو یقینی بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہاکہ تشد د کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کی واپسی کی خاطر کوششیں کرنی چاہئے تاکہ وہ اپنے والدین کے ساتھ امن و چین کی زندگی گزر بسر کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کا راستہ اختیار کرنے والوں کی گھر واپسی کی خاطر کوششیں کی جانی چاہئے نہ کہ ا±نہیں مارا جائے۔
پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کے بارے میں وپچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ یہ فیصلہ مرکزی حکومت کو کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے، مہنگائی کا دور دورہ ہے جس وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔
غلام نبی آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوان آئے روز سڑکوں پر نکل آکر احتجاج کر رہے ہیں جبکہ ڈیلی ویجر وں کی نوکریاں بھی مستقل نہیں کی جارہی ہیں۔
آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں یکجہتی کی سیاست کرنے آئے ہے تاکہ منافرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ ہو سکے۔