اسمبلی انتخابات آئندہ برس مارچ اپریل میں متوقع:اشوک کول

سری نگر//جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے بدھ کو کہا کہ اس سال 25ومبر کو حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات آئندہ سال مارچ-اپریل میں ہونے کی امید ہے۔
کول نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوری اور فروری موسمی حالات کی وجہ سے جموں و کشمیر میں انتخابات کے لیے موزوں نہیں ہیں اور یہ ظاہر ہے کہ انتخابات اگلے سال مارچ اپریل میں کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت 25 نومبر کو مکمل ہو جائے گی جس کے بعد ووٹر لسٹ جاری ہو جائے گی اور الیکشن کمیشن جموں و کشمیر میں انتخابات کرانے کی تیاری شروع کر دے گا۔
کول نے ضلع میں جاری سیوا پکھواڑا پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے بانڈی پورہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضلع کے پارٹی قائدین پر بھی زور دیا کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے آئندہ دورہ جموں و کشمیر کو کامیاب بنانے کے لئے تمام انتظامات کریں۔