ایشیا کپ کی میزبانی کا فیصلہ مارچ میں کیا جائے گا:اے سی سی

File Image

یو این آئی

بحرین// ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) مارچ میں فیصلہ کرسکتی ہے کہ آیا ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو دی جائے۔
واضح رہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری اور اے سی سی کے صدر جے شاہ نے اکتوبر 2022 میں بیان دیا تھا کہ ہندوستان ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ہفتہ کو اے سی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔
ای ایس پی این کرک انفو نے بتایا کہ اس میٹنگ کی ناکامی کی وجہ سے اب ایشیا کپ کی میزبانی کا فیصلہ اگلے ماہ کیا جا سکتا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق سیٹھی نے ملاقات میں کہا کہ اگر ہندوستان ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرتا ہے تو پاکستان بھی اکتوبر 2023 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان کا دورہ نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر حملے کے بعد کسی بھی ملک نے طویل عرصے تک پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا، حالانکہ ایشیائی ملک گزشتہ تین سال سے بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت کئی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں لیکن ہندوستان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان خراب تعلقات کی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں نے تقریباً ایک دہائی سے دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی ہے۔
تاہم دونوں ممالک آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس میں مقابلہ کرتے رہتے ہیں۔ پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے لیے ہندوستان کا دورہ بھی کیا تھا۔