دفعہ 370اور 35اے ہمیشہ کیلئے دفن، 70برسوں سے لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہوئی:بھاجپا

جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگھ نے اتوار کے روز کہاکہ دفعہ 370اور 35اے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس قانون کی منسوخی سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو آزادی نصیب ہوئی ہے۔
اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ امیت شاہ 30ستمبر کو جموں وکشمیر کے تین روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یکم اکتوبر صبح دس بجے وزیر داخلہ راجوری اور دو اکتوبر دس بجے بارہمولہ میں عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ امیت شاہ اپنے تین روزہ دورے کے دورن مختلف پروگراموں میں بھی حصہ لیں گے اور اُن کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا،” وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں مرکزی حکومت نے دفعہ 370کو منسوخ کیا جس وجہ سے یہاں کے لوگوں کو حقیقی آزادی نصیب ہوــ”۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا جبکہ امن و امان کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔
اُن کے مطابق پچھلے ستر برسوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہو رہی تھی لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے اُنہیں انصاف فراہم کیا۔
موصوف جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں نے پتھر بازی اور بندوق کلچر کو خیر باد کہہ کر مین اسٹریم میں اپنی قسمت آزما ئی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مفتی اور عبداللہ خاندانوں نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا تھا اور یہاں کے نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی کی ۔
اسمبلی چناو کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں قومی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد ووٹنگ لسٹ تیار کئے جارہے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کی سمت میں کام شدو مد سے جاری ہے اور ووٹنگ فہرست مکمل ہونے کے بعد چناو بھی ہونگے۔