عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو دفعہ 370 کی منسوخی کو “تبدیلی کا فیصلہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کے نئے دور کا آغاز ہوا اور جموں و کشمیر اور لداخ میں نچلی سطح پر جمہوریت کو تقویت ملی۔
انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019 کو کیے گئے فیصلے نے خطے کے نوجوانوں کو سماجی و اقتصادی ترقی اور ثقافتی احیا کی طرف راغب کیا۔
وزیرِ داخلہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دفعہ 370 اور 35 اے کی تاریخی منسوخی کو پانچ سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس تبدیلی کے فیصلے نے پسماندہ طبقات کے لیے بااختیار بنانے کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے اور جموں و کشمیر اور لداخ میں نچلی سطح پر جمہوریت کو مضبوط کیا ہے”۔
انہوں نے کہا، “خطے کے نوجوانوں نے سماجی و اقتصادی ترقی اور ثقافتی احیاءکو آگے بڑھایا ہے، جس سے امن اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے لیے مودی حکومت کی کوششوں کو شاندار کامیابی ملی ہے”۔
شاہ نے کہا، “ہم اس تاریخی فیصلے کے لیے مودی جی کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور خطے کی امنگوں اور تبدیلی کی پیش رفت کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کرتے ہیں”۔
یاد رہے کہ حکومت ہند نے 05 اگست 2019 کو دفعہ 370 اور 35 (A) کو منسوخ کر دیا تھا، اور سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا تھا۔