فوج نے جموں میں کیپٹن دیپک سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا

یو این آئی

جموں// فوج نے جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے عسر جنگلاتی علاقے میں ملی ٹنٹوں کے ساتھ مقابلے کے دوران جاں بحق ہونے والے کیپٹن دیپک سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمعرات کے روز یہاں پھول مالا چڑھانے کی ایک تقریب کا اہتمام کیا۔
وائٹ نائٹ کارپس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘پھول چڑھانے کی ایک پر وقار تقریب میں جی او سی وائٹ نائٹ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے کیپٹن دیپک سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پھولوں کی چادر چڑھائی جنہوں نے فوج کی اعلیٰ روایات میں اعلیٰ ترین قربانی پیش کی’۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔
صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے بھی کیپٹن دیپک سنگھ کو خراج تحسین پیش کیا۔
دفاعی ذرائع کے مطابق ڈوڈہ کے عسر جنگلاتی علاقے میں بدھ کئ روز انکائونٹر کے دوران کپٹن دیپک سنگھ جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ کپٹن دیپک آپریشن کے دوران اپنی پارٹی کی قیادت کر رہے تھے اور جوانوں کو دہشت گردوں کو ختم کرنے کے ہدایات دے رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران کیپٹن دہشت گردوں کی گولیوں سے زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔