انسداد تجاوزات مہم صرف طاقتور قابضین کے خلاف شروع کی گئی ہے: ڈی سی جموں

جموں// ڈپٹی کمشنر جموں اونی لواسا نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ایسی کوئی بھی رہائش گاہ یا چھوٹی تجارتی دکانیں جن پر خاندانوں کی روزی روٹی کا انحصار ہے،جاری انسداد تجاوزات مہم کے دوران چھیڑی نہیں جائیں گی۔
بتادیں کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ کی شام ملک مارکیٹ جموں میں تجاوزات کے خلاف مہم چلانے کے بعد پرتشدد احتجاج بھڑک اٹھا تھا۔
ڈی سی نے کہا، “یہ لوگوں کی حمایت میں ہے اور صرف ان لوگوں کے خلاف ہے جنہوں نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے ذاتی مفاد کے لیے سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہے”۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ایک ممتاز شوروم کو نوٹس جاری کیا گیا اور وہ مقررہ مدت میں کوئی جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی لوگوں کے فائدے کے لیے کی گئی ہے اور حاصل کی گئی زمین کو مفاد عامہ کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مفاد کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ انسداد تجاوزات مہم سے کوئی رہائشی یا چھوٹا تجارتی یونٹ متاثر نہیں ہوگا۔