ٹھٹھرتی سردی کے بیچ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں دھند چھائی رہی

یو این آئی

 

سرینگر//سری نگر سمیت وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بد کی صبح گہری دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے صبح کے وقت گھروں سے نکلنے والے لوگوں کو چلنے پھرنے میں احتیاط برتنا پڑا یہ دھند صبح دیر تک قائم رہی تاہم بعد ازاں دن گذرنے کے ساتھ سورج کی روشنی کے سامنے ماند پڑ گئی ادھر وادی میں خشک موسم کے بیچ سردیوں کے باد شاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی آمد سے قبل ہی ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے جس نے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔
ٹھٹھرتی سے بچنے کے لئے لوگ جہاں کام کی جگہوں جیسے دفاتر، دکانوں وغیرہ میں گیس اور بجلی پر چلنے والے ہیٹروں کا استعمال کر رہے ہیں وہیں مزدور بھی اپنے آپ کو گرم کرنے کے لئے سڑک کے کنارے پر کوڑے کرکٹ کو جلا کر گرمی کا انتظام کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ گرچہ موسم خشک ہے لیکن سردیوں کی تیزی مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
محمد امین نامی ایک شہری کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران ماہ نومبر میں ہی بھاری برف باری ہوئی تھی جس سے لوگوں کا جینا اجیرن بن گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امسال گرچہ م ماہ نومبر میں موسم خشک ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کا پہلا ہفتہ بھی خشک رہنے کا امکان ہے لیکن سردیوں کی تیزی باعث پریشانی ہے۔
تاہم میوہ باغ مالکان موجودہ موسمی صورتحال سے خوش نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خشک موسم کی وجہ سے ہم اپنے باغوں کی کٹائی وغیرہ کا کام اچھی طرح انجام دینے میں کامیاب ہوگئے۔
اعجاز احمد نامی ایک باغ مالک کا کہنا ہے کہ ماضی میں قبل از وقت برف باری سے میوہ درختوں کو بے تحاشا نقصان پہنچا لیکن امسال ہم اس مقصان سے بچ گئے۔