تیندوے کی تلاش کے دوران نامعلوم جانور کے حملے میں شہری زخمی

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سری نگر// سری نگر کے بادام واری علاقے میں تیندوہ دیکھے جانے کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی، جس دوران “نامعلوم” جانور کے حملے میں ایک شخص زخمی ہو گیا،تاہم محکمہ جنگلی حیات نے علاقے میں نگرانی بڑھا دی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح بادام واری علاقے میں ایک شخص پر جانور کے حملے کی اطلاع ملی ، تاہم جانور کی شناخت نہیں ہو پائی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں نے متاثرہ شخص سے بات کی جس نے دعویٰ کیا کہ کسی نامعلوم جانور نے اس پر حملہ کیا، اس کے ہاتھ اور گھٹنے پر چوٹیں آئی ہیں لیکن اسے یقین نہیں ہے کہ کس جانور نے اس پر حملہ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ دعووں اور زخموں کی نوعیت کا پتہ لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے بعد نگران ٹیم علاقے میں گشت پر ہے، ایک اہلکار پر بھی ایک جانور نے حملہ کیا، جس کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ جانور پاگل کتا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم اس کی مکمل تصدیق کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور ہم نے سری نگر میونسپل کارپوریشن کو بھی بلایا ہے”۔
اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے علاقے میں نگرانی کے اقدامات کو پہلے ہی بڑھا دیا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کو بادام واری علاقے میں تیندوہ دیکھنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد سری نگر پولیس نے مقامی لوگوں سے کہا کہ وہ گھر کے اندر ہی رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔
محکمہ وائلڈ لائف نے علاقے میں کیمرہ ٹریپ بھی لگائے۔