امرناتھ یاترا سے 2سے 3ہزارکروڑ روپے کی آمدنی ہو گی:صوبائی کمشنر کشمیر

اننت ناگ//صوبائی کمشنر کشمیر، پی کے پول نے منگل کو کہا کہ امرناتھ یاترا محض یاترا نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کی معیشت کے لیے ایک بڑا اقتصادی فائدہ ہے کیونکہ حکومت کو 6سے 8لاکھ یاتریوں سے 2000سے 3000کروڑ روپے کی آمدنی کی توقع ہے۔
صوبائی کمشنر نے یاترا کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میر بازار اننت ناگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میر بازار علاقہ امسال یاترا کی سہولت ایک وقت میں 2500یاتریوں کو ایڈجسٹ کرے گا جو تعداد پہلے محض 500تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ہموار یاترا کے لیے دیگر تمام انتظامات موجود ہیں اور وہ یاتریوں کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتے ہیں ،’بھگوان شیو‘ ان کی دعائیں قبول کریں۔

انہوں نے کہا،ـ” اس سال انتظامیہ 6 سے 8 لاکھ یاتریوں کی توقع کر رہی ہے۔ ہر یاتری کشمیر میں ایک ہفتے تک رہتا ہے اور کم از کم 35000روپے خرچ کرتا ہے۔ وہ کشمیر کے دیگر سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کرتا ہے”۔

انتظامیہ 2000 سے 3000 کروڑ روپے کی آمدنی کی توقع کر رہی ہے، جس سے جموں وکشمیر کی معشیت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یاتریوں کے لیے ایک ٹول فری نمبر بھی ہے اور بیس کیمپوں اور دیگر مقامات پر پینے کا صاف پانی اور پناہ گاہ کی سہولیات دستیاب ہیں۔
پول نے مزید کہا کہ شرائن بورڈ نے یاتریوں کے لیے ایک موبائل ایپ بھی متعارف کرائی ہے جو یاتریوں کو تازہ ترین اپ ڈیٹس بشمول موسم کے اپ ڈیٹس کے متعلق جانکاری فراہم کرے گی۔