عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// دفعہ 370 کی منسوخی کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر احتیاطی اقدام کے طور پر جاری امرناتھ یاترا کو پیر کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ اس فیصلے نے کسی بھی نئی کھیپ کو جموں سے کشمیر کا سفر کرنے سے دن بھر کے لیے روک دیا۔
یاد رہے کہ5 اگست 2019 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا اور سابقہ ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔
ادھر، خراب موسم کی وجہ سے آج جموں سے یاتریوں کو کشمیر کی طرف روانہ نہیں کیا گیا۔
دہلی کا ایک یاتری جو یاترا کے لئے آیا تھا، نے بتایا کہ انہیں آج بیس کیمپ پر روک دیا گیا ہے اور وہ کل روانہ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ آج یاترا پر نہیں جا سکے ان کے لیے تمام انتظامات کیے گئے تھے۔
اُنہوں نے کہا، ـ”میں دہلی سے یہاں امرناتھ یاترا کے لیے آیا ہوں۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے تمام عازمین کو آج جانے سے روک دیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ہم کل جا سکتے ہیں۔ ہمارے قیام کے لیے یہاں تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ہم کل روانہ ہو جائیں گےـ”۔
‘ ایک اور یاتری امیت کمار جیسوال نے کہا، ـ”ہم کل یہاں آئے تھے۔ ہمیں آج روانہ ہونا تھا لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے ہمیں روک دیا گیا ہے۔ یہاں کئے گئے تمام انتظامات بہت اچھے ہیں”۔
موہن لال کماوت، ایک اور یاتری نے کہا، ـ”ہمیں آج صبح 2 بجے یہاں آنا تھا۔ تاہم ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے ہمیں کل بھیج دیا جائے گا۔ ہم جانے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیںـ”۔
اس سے قبل اتوار کی صبح ایک اور جتھا امرناتھ یاترا کے لیے سرینگر بیس کیمپ سے پہلگام کی طرف روانہ ہوا۔ خراب موسم کی وجہ سے رکاوٹوں کا سامنا کرنے کے باوجود یاتریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اپنے سفر کو مکمل کرنے کے لیے بہتر موسم کی امید ظاہر کی۔
امرناتھ یاترا، جو باضابطہ طور پر 29 جون کو بالتل اور پہلگام بیس کیمپ سے شروع ہوئی تھی، 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔