اننت ناگ میں بی ایس ایف اہلکار کی مبینہ خود کشی

File Photo

سری نگر//جنوبی ضلع اننت ناگ کے عشمقام علاقے میں ایک بی ایس ایف جوان نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ کو گولی مار کر اپنی زندگی تمام کر دی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ عشمقام میں یاترا ڈیوٹی پر مامور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف ) کے اہلکار نے جمعے کے روز اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں ان کی برسر موقع ہی موت واقع ہو گئی۔
متوفی کی شناخت متل ہزاریکا ساکن آسام کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جوان کی طرف سے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس ضمن میں ایک کیس درج کیا ہے۔
جموں و کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اہلکاروں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کے لئے یوگا اور دیگر نفسیاتی ورزشوں کو لازمی قرار دیا ہے لیکن باوجود اس کے جموں و کشمیر میں جوانوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات گھٹنے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔