عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے نائب اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی سے لے کر انجیئر رشید تک سب نیشنل کانفرنس کو ہی نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو پچھلے دس برسوں کا جواب دینا چاہئے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انجینئر رشید کے نیشنل کانفرنس کو نشانہ بنانے پر پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘انجینئر رشید نیشنل کانفرنس کو ہی نشانہ بنا رہے ہیں کس مجبوری کی وجہ سے وہ ہمیں نشانہ بنا رہے ہیں اس کا جواب وہ خود ہی دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘آج ہر کوئی ہمیں ہی نشانہ بنا رہا ہے، چاہئے وہ بی جے پی ہو، مرکزی سرکار ہو، پی ڈی پی ہو یا اے آئی پی ہو سب نیشنل کانفرنس کو ہی نشانہ بنا رہے ہیں۔وزیر اعظم کےجموں وکشمیر کی ترقی کے متعلق بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا: ‘پہلے وہ گذشتہ دس برسوں کا حساب دیں کہ ان دس برسوں میں جموں وکشمیر کو کیا ملا۔
انہوں نے کہا: ‘یہاں ان کی ڈبل انجن سرکار رہی ہے کبھی مفتی صاحب کے ساتھ، محبوبہ مفتی کے ساتھ اور پھر راج بھون کے ذریعے، اس ڈبل انجن سرکار سے زمینی سطح پر ہمیں کیا ملا پہلے یہ بتایا جائے اس کے بعد ہم باقی چیزوں پر بات کریں گے۔