جموں و کشمیر کے تمام زمینداروں کو ستمبر تک زمین کی پاس بک مل جائیں گی:اے کے مہتا

سری نگر// جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری ارن مہتا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے تمام ارضی مالکان کو ماہ رواں کے آخر تک ڈیجیٹل لینڈ پاس بک فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاس بک تین زبانوں ہندی اردو اور انگریزی میں ہوں گے۔
موصوف چیف سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’ستمبر کے آخر تک جتنے بھی اراضی مالکان ہیں ان کو ڈیجیٹل لینڈ پاس بک تین زبانوں ہندی، اردو اور انگریزی میں فراہم کئے جائیں گے‘۔ان کا کہنا تھا:’پہلی بار ایسا ہوگا کہ پاس بک آپ کو اس زبان میں ملے گا جس کو آپ سمجھ سکیں گے کیونکہ پہلے جس زبان میں لکھا جاتا تھا کسی کے سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ کیا لکھا ہوا ہے‘۔
مہتا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سپورٹس ایونٹس اہتمام کرنے کا مقصد نوجوانوں کو منشیات سے درو رکھنا ہے۔انہوں نے کہا: ’جو منشیات کے شکار ہوئے ہیں ان کو ہماری مدد کی ضرورت ہے اور حکومت نوجوانوں کو منشیات کی لت میں پڑنے سے روکنے کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہیں اور سپورٹس ایونٹس کا اہتمام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ منشیات سماج کے لئے بہت بڑا چلیکن بن گیا ہے۔